امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ خلیجی ممالک میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں اضافے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق صدر اوباما دسمبر تک عراق سے مکمل فوجی انخلاء کا اعلان چکے ہیں لیکن دفاعی محکمے پینٹاگون کو امید تھی کہ لگ بھگ بیس ہزار امریکی فوجی عراق میں موجود رہیں گے۔
خدشات ہیں کہ امریکی انخلاء کے بعد، عراق میں سکیورٹی کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے جو پورے خطے کو متاثر کر سکتی ہے۔
نیو یارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ اوباما انتظامیہ، کویت کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے کہ امریکہ کے اضافی دستوں کو وہاں قیام کی اجازت دی جائے تاکہ عراق کے حالات، بگڑنے یا پھر ایران کے ساتھ جنگ کی صورت میں فوری پیش قدمی کی جا سکے۔
امریکی حکومت، خلیجی تعاون کی کونسل کے ممالک، سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کے لیے بھی پُرامید ہے۔